امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کا سالانہ 50واں “جہد مسلسل و عزم نو” کنونشن اختتام پذیر ہوگیا، کنونشن میں ملک بھر سے ہزاروں طلباء اور سابقین نے شرکت کی۔ امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے سالانہ کنونشن کے آخری روز زاہد مہدی کو نیا میرِ کارواں منتخب کیا گیا۔
کنونشن کے آخری روز قرآن و اہلبیت کانفرنس کا انعقاد ہوا۔ جس سے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری، علامہ حافظ محمد حیدر نقوی، سربراہ امت واحدہ علامہ امین شہیدی، علامہ غلام عباس رئیسی، مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے رہنماء علامہ عبد الخالق اسدی، سابق مرکزی صدر ملک اعجازحسین، سابق مرکزی صدر ثاقب اکبر نقوی اور سابق مرکزی صدر علامہ حسنین گردیزی نے خطاب کیا۔ منقبت خواں اور نوحہ خواں زوار بسمل اور علی صفدر رضوی نے ترانہ شہادت پیش کیا۔
جامعۃ المصطفیٰ لاہور میں امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے سالانہ کنونشن “جہد مسلسل و عزم نو” کی آخری نشست میں نئے میر کارواں کا انتخاب عمل میں آیا۔ علامہ حسنین گردیزی نے ان سے ذمہ داری کا حلف لیا۔ نئے مرکزی صدر کا اعلان رکن مرکزی نظارت آیت اللہ غلام عباس رئیسی نے کیا۔ اعلان سے قبل مجلس عاملہ اور مجلس نظارت کے اجلاس منعقد ہوئے اور بعد ازاں پاکستان بھر کے یونٹ صدور کے سامنے سابق مرکزی سینیئر نائب صدر زاہد مہدی اور سابق مرکزی نائب صدر حسن عارف کے نام پیش کئے گئے تھے۔ الیکشن سے پہلے سابق مرکزی صدر عارف حسین الجانی نے اپنی کابینہ سمیت مستعفی ہونے کا اعلان کیا اور رائے شماری کے نتیجے میں مرکزی صدر کا انتخاب عمل میں لایا گیا۔
مرکزی صدر منتخب ہونے کا اعلان کیا گیا تو پنڈال میں موجود امامیہ نوجوانوں نے والہانہ انداز میں ان کا استقبال کیا اور زاہد مہدی قدم بڑھاؤ، ہم تمہارے ساتھ ہیں، کے نعرے لگائے۔ نو منتخب مرکزی صدر نے شرکاء کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وطن عزیز کی جغرافیائی اور فکری سرحدوں کا تحفظ ہمارا منشور ہے اور ہم وطن کی جانب اٹھنے والی ہر میلی آنکھ پھوڑنے کا جذبہ رکھتے ہیں۔ آئی ایس او ملک کی نظریاتی و جغرافیائی سرحدوں کی محافظ ہے اور اپنے وطن کے دفاع کیلئے مصروف عمل ہے۔