انقلاب اسلامی، تحریک کربلا کا تسلسل اور امام زمانہ عج کے عالمگیر انقلاب کےلیے زمینہ ساز ثابت ہوگا: مرکزی صدر آئی ایس او پاکستان کا خطاب
آئی ایس او پاکستان کے زیر اہتمام جامعہ بعثت پاکستان رجوعہ سادات، چنیوٹ میں سالگرہ انقلاب اسلامی سیمینار بعنوان انقلاب اسلامی کے عالمی تاثرات کا انعقاد کیا گیا۔ جس سے علامہ مہدی کاظمی، علامہ محمد عمران نواز، رکن مجلس نظارت آئی ایس او پاکستان برادر سید ثاقب اکبر نقوی اور مرکزی صدر آئی ایس او پاکستان برادر زاہد مہدی نے خطاب کیا۔ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے شرکاء نے انقلاب اسلامی کے عالمی دنیا پر اثرات کو بیان کیا۔
اس موقع پر مرکزی صدر آئی ایس او پاکستان برادر زاہد مہدی کا کہنا تھا کہ انقلاب اسلامی، تحریک کربلا کا تسلسل اور امام زمانہ عج کے عالمگیر انقلاب کےلیے زمینہ ساز ثابت ہوگا۔ دیگر مقررین کا کہنا تھا کہ دنیا میں جتنے بھی انقلاب برپا ہوئے وہ اتنے کامیاب اور دیرپا نہیں ہوسکے جتنا کہ انقلاب اسلامی کیوں کہ اس کی وجہ نظریہ کا نہ ہونا ہے۔ انقلاب اسلامی کا بنیادی نظریہ اسلامی قوانین اور تعلیمات محمدؐ و آل محمدؑ کا عملی نفاذ تھا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ آئی ایس او پاکستان کے جوان ہی ملت کا مستقبل اور تسلسل جدوجہد، عزم و ہمت اور دینی اقدار نیز ترویج و اشاعت اسلام محمدی کا استعارہ ہیں۔ ان جوانواں کی لازوال اور انتہائی مخلصانہ جدوجہد دیگر تمام تنظیموں اور گروہوں کیلئے آئیڈیل اور مثال ہے۔
سیمینار میں پنجاب، خیبر پختونخواہ، گلگت بلتستان، آزاد کشمیر و جموں سے آئی ایس او پاکستان کے ڈویژنل مسئولین نے شرکت کی۔ اس کے علاوہ جامعہ بعثت پاکستان کے طلاب نے بھی شرکت کی۔ سیمینار کے آخر میں سالگرہ انقلاب اسلامی کے موقع پر مرکزی صدر آئی ایس او پاکستان برادر زاہد مہدی نے علامہ مہدی کاظمی اور علامہ محمد عمران نواز کے ہمراہ کیک کاٹا۔