آئی ایس او نے حرمِ امام رضاؑ پر امریکی پابندی کو اسلام دشمنی قرار دیدیا

اسلام ٹائمز۔ عالمی سامراج امریکہ کی جانب سے آستانِ قدس رضوی حرمِ امام رضا علیہ السلام پہ پابندی کھلی دہشتگردی اور اسلام دشمنی کی بدترین مثال ہے، حرمِ امام رضا اور دیگر مقدس مقامات پر عالمی دہشتگرد امریکی صدر ٹرمپ نے گذشتہ سال بھی حملہ کرنے کی دھمکی دی تھی اور ٹرمپ کے جانے سے قبل امریکی وزارتِ خارجہ کی جانب سے ایسی جارحانہ پابندیاں اسلام دشمنی کے مترادف ہیں۔ ان خیالات کا اظہار امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی صدر عارف حسین الجانی نے لاہور میں عہدیداروں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مرکزی صدر نے پابندی کی مذمت کرتے ہوئے مزید کہا کہ عالمی استعمار امریکہ اور یورپی یونین کی حالیہ پابندیوں پر شیعہ سنی مسلمانوں نے اظہار برہمی کیا ہے، حرمِ امام رضا پر پابندی دراصل شعائر اسلامی پر پابندی ہے۔

انہوں نے کہا کہ امریکہ کو اس توہین آمیز رویئے کی اُمت مسلمہ سے معافی مانگنا ہوگی۔ دنیا میں ہر مذہب کے پیروکاروں کو مقدس مقامات جان سے زیادہ عزیز ہیں، جس کے دفاع کیلئے وہ اپنا تن من دھن قربان کرنے کیلئے تیار ہیں، پابندی جیسے اقدامات سے دنیا بھر کے مسلمانوں کے دل مجروح ہوئے ہیں، امریکہ کو فی الفور پابندیاں ہٹانی ہوں گی۔ مرکزی صدر نے کہا اس سے قبل مسلمانوں کے قبلہ اول پر امریکی سامراج کی پشت پناہی میں ناجائز صیہونی ریاست اسرائیل قابض ہے، حرم امام رضا پہ ناجائز پابندیاں قبلہ اول پر پابندی اور ارضِ فلسطین پر تسلط کا ہی تسلسل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ اور اس کے حواریوں کی اسلام مخالف سرگرمیاں مشرقِ وسطیٰ سمیت دنیا بھر کے انسانوں کیلئے خطرے کی گھنٹی ہیں۔ عارف حسین کا کہنا تھا کہ عالم اسلام کو عالم کفر کے گھناونے اقدامات کے مدمقابل سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن کر جواب دینا ہوگا اور یہی وقت کا تقاضا بھی ہے۔

1 thought on “آئی ایس او نے حرمِ امام رضاؑ پر امریکی پابندی کو اسلام دشمنی قرار دیدیا”

  1. اللّٰہ رب العالمین ان طاغوتی طاقتوں کو انکے ناپاک عزائم کے ساتھ تباہ برباد فرمائے گا اور حق کا بول بالا ہوگا اللّٰہ عزوجل عالم اسلام کی حفاظت فرمائے آمین یارب العالمین

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *